کراچی (محمد ناصر) عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کا تخلیق کیا گیا ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ پاکستان میں Google کے ٹاپ 10 سرچ کئے جانے والے ڈراموں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دُنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن Google نے گذشتہ دِنوں اپنی سالانہ ”Year in Search“کی فہرست جاری کی،سرچنگ کی اس دوڑ میں ”جیو ٹی وی“ کا ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ غیر معمولی طور پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن میں تیار کئے گئے اس ڈرامے نے نا صرف ”جیوٹی وی“ کیلئے بہت بڑی ”ٹی آر پیز“حاصل کیں بلکہ سیریل کی کہانی یوٹیوب اور ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈنگ میں چھائی رہی۔اس شاہکار سیریل ”دیوانگی“ کی مقبولیت کا اندازہ یوں بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط کو 15.6 کی شاندار اور 25.4 کی پیک ریٹنگ حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ ڈرامے کی آخری قسط کو صرف 48 گھنٹوں میں یوٹیوب پر پانچ ملین (تقریباً 50 لاکھ) سے زائد افراد نے دیکھا
اور یہ ڈرامہ ٹوئٹر پر بھی ٹرینڈنگ میں رہا جو ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کیلئے بہترین اعزاز ہے۔ غلط فہمیوں، جذباتی صورتحال اور زندگی کے تلخ حقائق سے لڑنے والی لڑکی ”نگین“ کے گرد گھومتی اس ڈرامے کی کہانی نے خواتین کی ترقی میں آڑے آنے والے دقیانوسی خیالات اور تصورات کو توڑ کر رکھ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس ڈرامے کو نا صرف ملکی بلکہ غیر ملکی ناظرین سے بھی خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔ یاد رہے کہ پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“کے متعدد سیریلز نے اپنے شاندار ڈراموں کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور کلچر کو عالمی سطح پر انتہائی بہترین انداز میں پیش کیا ہے۔ ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ کی شہرت بھی پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“کی کامیابی اور ساکھ کو مزید چار چاند لگا رہی ہے۔









