سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کہتی ہیں کہ میں واقعی میں اپنی والدہ کو اپنی منگنی کے خاص لمحے کا حصہ بنانا چاہتی تھی۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر بختاور بھٹو نے اپنی اُس شال کی تصویر شیئر کی ہے جو اُنہوں نے اپنی منگنی کے دن پہنی تھی۔
بختاور بھٹو نے شال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک طویل کیپشن کے ذریعے شال کے خصوصی ڈیزائن سے متعلق تفصیل بتائی ہے۔
اُنہوں نے شال کی ڈیزائنر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ندا اور اُن کی ٹیم پاکستان کے باصلاحیت ڈیزائنرز میں سے ایک ہے جنہوں نے اپنی مہارت سے میری شال بالکل اُسی طرح تیار کی جس طرح میں چاہتی تھی۔‘
بختاور بھٹو نے شال کی تفیصلات بتاتے ہوئے لکھا کہ ’میں واقعی میں چاہتی تھی کہ میری والدہ بھی اس خاص لمحے کا حصہ بنیں لہٰذا ہم نے شال کے ڈیزائن کو تین حصوں میں تقسیم کیا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’شال میں ایک طرف تصاویر اور کڑھائی سے ہمارے اسلام آباد میں گُزرے ہوئے بچپن کی یادوں کی جھلک ہے جبکہ دوسری طرف میری آنے والی زندگی کا آغاز، یعنی ایک ایسا منظر جس میں دولہا منگنی کی انگوٹھی لاتا دکھائی دیتا ہے اور اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔‘
بختاور بھٹو نے مزید لکھا کہ ’شال کے بیچ میں آسمان جس پر پرندے اڑتے دکھائی دیتے ہیں اور سورج بنائے گئے ہیں، یہ پرندے میری زندگی کے دونوں ابواب کو ساتھ ملاتے دکھائی دیئے گئے ہیں۔‘
خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی حال ہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی، منگنی کی تقریب میں 100 سے 150 مہمان شریک ہوئے، اس موقع پر بختاور اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری ڈاکٹروں کے مشورے سے اسپتال سے تقریب میں شرکت کے لیے گھر پہنچے تھے جبکہ بختاور کے بھائی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کورونا وائرس آئسولیشن کے باعث تقریب میں ورچوئلی شریک ہوئے۔









