بھارتی انٹیرئر ڈیزائنر انوے نائیک کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے شوہر نے خودکشی سے قبل ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے ایڈیٹر ان چیف ارناب گوسوامی کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹہرایا تھا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 53 سالہ انٹیرئر ڈیزائنر انوے نائیک کی اہلیہ نے کہا کہ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی سے قبل کوئی خط نہیں چھوڑا تھا لیکن میرے شوہر نے خودکشی سے پہلے ثبوت کے طور پر خط چھوڑا تھا تاکہ اُن کی خودکشی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے۔
انٹیرئر ڈیزائنر انوے نائیک کی اہلیہ نے کہا کہ میں مہاراشٹر پولیس کی شُکر گزار ہوں کہ جنہوں نے آج مجھے بھارتی ایڈیٹر ان چیف ارناب گوسوامی کی گرفتاری کا دن دکھایا کیونکہ میں نے اس دن کے انتظار میں بہت صبر کیا ہے۔
انوے نائیک کی اہلیہ نے کہا کہ میرے شوہر اور ساس تو اب واپس نہیں آسکتے لیکن میرے لیے وہ آج بھی زندہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت بھارتی چینل ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارناب گوسوامی کے گھر پر چھاپا مار کر اُنہیں گرفتار کیا گیا تھا، پولیس ارناب گوسوامی کو گرفتار کرکے کرائم برانچ کے دفتر گئے۔
ممبئی پولیس کے مطابق ارناب گوسوامی کو 53 سالہ انٹیرئر ڈیزائنر کو خودکشی کے لیے اُکسانےکے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ارناب گوسوومی کو سالوں پرانے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، کیس 53 سالہ خاتون انٹیریر ڈیزائنر کی خودکشی کے بعد درج کیا تھا۔
انٹیرئر ڈیزائنر اور ان کی والدہ مئی 2018ء میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹیرئر ڈیزائنر کی جانب سے خود کشی سے قبل ایک خط تحریر کیا گیا تھا۔
تحریر کیے گئے خط میں انٹیریر ڈیزائنر نے الزام عائد کیا تھا کہ ارناب گوسوامی نے انہیں ریپبلک نیٹ ورک اسٹوڈیو کی انٹیریر ڈیزائنگ کے عوض معاوضہ ادا نہیں کیا، جس پر وہ دلبرداشتہ ہیں۔









