کے پی حکومت کے ملازم کیخلاف زائد اثاثہ کیس کی سماعت ملتوی

109

سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبر پختون خوا حکومت کے گریڈ 14 کے ملازم کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال نے استفسار کیا کہ سب اکاؤنٹنٹ کی 2 جائیدادیں اسلام آباد اور 2 پشاور میں کیسے ہیں؟

ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تمام جائیدادیں ملزم کے بھائی کے نام پر ہیں۔

عدالتِ عظمیٰ نے سوال کیا کہ اس کیس کے 29 گواہان میں سے کتنے افراد کے بیانات قلمبند ہوئے؟

ملزم کے وکیل نے جواب دیا کہ 29 میں سے 4 گواہان کے بیانات اب تک قلمبند ہوئے ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت سے گواہان کے بیانات کے متعلق رپورٹ طلب کرلی اور کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں