جاپان کی عالمی شہرت یافتہ آٹو موبائل کمپنی کے اشتراک سے تیار ہونے والی الیکٹرک بائی سائیکل اب پاک جاپان بزنس کونسل کے اشتراک سے پاکستان میں متعارف ہونے کو تیار ہے۔
یہ نئی الیکٹرونک بائی سائیکل جاپان میں بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہے جس کے جاپان بھر میں ڈیڑھ سو مقامات پر سیلز آفس بھی قائم ہوچکے ہیں۔
گزشتہ روز کمپنی کے چیئرمین نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین سے ملاقات کی، جس میں نئی الیکٹرک بائی سائیکل کمپنی کے ڈسٹری بیوشن رائٹس دینےکے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر رانا عابد حسین نے بتایا کہ جاپان کی چند بڑی پوسٹل اور ٹرانسپورٹیشن کمپنیوں میں سے ایک کمپنی نےالیکٹرک بائی سائیکل کے ذریعے ٹوکیو سمیت بڑے شہروں میں اپنی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رانا عابد حسین کے مطابق اس نئی اور جدید الیکٹرک بائی سائیکل کے ذریعے 120 کلو وزن ایک جگہ سے دوسری جگہ تک لے جایا جاسکتا ہے، اس الیکٹر بائی سائیکل کو ایک فرد چلا سکتا ہے جبکہ اسے صرف 25.5 وولٹ کی بیٹری کے ذریعے چار گھنٹے میں مکمل چارج کرنے کے بعد ساٹھ کلومیٹر تک چلایا جاسکتا ہے جس میں انسانی طاقت نہ ہونے کے برابر استعمال ہوگی۔
پاکستان کے حوالے سے رانا عابد حسین نے بتایا کہ اس نئی اور جدید الیکٹرک بائیسائیکل کو پاکستان میں کورئیر سروس کے لیے باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے جس میں ڈیڑھ سو کلو وزن لے جایا جاسکتا ہے ، پیٹرول کے بغیر یہ الیکٹرک بائیک انتہائی سستی ثابت ہوگی جبکہ چنچی رکشا کے لیے بھی یہ بہترین ثابت ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ سبزی فروش اور دیگر چھوٹے موٹے کاموں کے لیے بھی یہ الیکٹرک بائی سائیکل انتہائی موزوں ثابت ہوگی۔
رانا عابد حسین نے کہاکہ ابتدائی طور پر تین ہزار الیکٹرک بائیسائیکل پاکستان میں متعارف کرائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں یہ الیکٹرک بائی سائیکل پاکستان میں تیار کی جائے گی جس کے لیے بات چیت جاری ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے ہفتے کمپنی کے چیئرمین کی سفیر پاکستان امتیاز احمد سے ملاقات طے ہے جس کے بعد پاکستان جانے کا مرحلہ شروع ہوگا ۔









