آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت ہالی ووڈ میں کیریئر اور امریکا میں گھر بنانے کا خواب دیکھ رہے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند ماہ قبل خود اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے سشانت سنگھ کے ایک قریبی دوست نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اداکار ہالی ووڈ میں کیریئر بنانے کا پلان بنا رہے تھے۔
سشانت کے دوست وشادنے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’سشانت جب فلم کیدرناتھ کی شوٹنگ کے لیے جا رہے تھے تو مجھے گھر میں تین چار کتابیں پڑھنے کا کام سونپ گئے، دو ہفتے کے بعد سشانت نے مجھے فون کر کے کہا کہ چندکپڑے پیک کرو اور میرے پاس کیدر ناتھ آجاؤ۔‘
وشاد نے مزید لکھا کہ ’کیدر ناتھ پہنچنے کی اگلی رات سشانت نےمجھ سے کچھ چیزیوں کے بارے میں بات چیت کی پھر کہا یار۔۔۔ یہاں مزہ نہیں آیا ، سن اب بالی ووڈ نہیں کریں گے، جو ہمارے بچے ہوئے کام ہیں وہ ہم جلدی پورا کریں گے اور 2020 تک ہالی ووڈ میں ہوں گے۔‘
وشاد کا کہنا تھا کہ سشانت نے اُنہیں گھر کا اسکیچ بھی دکھایا جو وہ لاس اینجلس میں بنانے کا خواب دیکھ رہے تھے۔
واضح رہے کہ فلم کیدرناتھ کے ہدایت کار ابھیشک کپور نے چند روز قبل اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ سشانت 2018 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران بے حد پریشان رہتے تھے لیکن انہوں نے کبھی بھی اپنی اداکاری سے یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ وہ پریشان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یاد ہے جب میں فلم کیدر ناتھ کی کہانی سنا رہا تھا اورہم ’منصور ‘ پر تبصرہ کررہے تھے تو اُس وقت سشانت اپنے ہاتھ پر کچھ لکھ رہا تھا۔ میں نے اُس سے پوچھا کہ یہ کیا لکھ رہا ہے ہاتھ پر؟ تو اس پر سشانت نے جواب دیا کہ میں اپنی دنیا سمیٹ رہا ہوں۔‘
یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے رواں سال 14 جون کو اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔









