کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں 32 دکانیں، ریسٹورنٹس اور فارمیسیز سیل کر دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور شہر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 32 دکانیں، ریسٹورنٹس اور فارمیسیز کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 49 ہزار 222 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 409 ہو گئیں۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 521 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 43 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 540 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 951 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 19 ہزار 291 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 41 ہزار 191 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 73 لاکھ 68 ہزار 622 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 701 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 373 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 73 ہزار 639 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔









