معروف اداکارہ حرا مانی نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں کوئی بھی اداکار اپنی شادی میں نہیں بلاتا۔
اداکارہ حرا مانی کے انٹرویو کا ایک چھوٹا سا کلپ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہا ہے، جس میں میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے کوئی بھی اداکار اپنی شادی میں نہیں بلاتا۔‘
انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں حرا مانی نے اُن اداکاراؤں کے نام بھی لیے ہیں جنہوں نے اپنی شادی میں اُن کو مدعو نہیں کیا۔ ان میں اداکارہ سجل علی، سارہ خان، اقراء عزیز کا نام بھی شامل ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ حرا مانی نے سب سے پہلے میرا سیٹھی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’نہ تم نےمجھے اپنی شادی میں بلایا نہ سجل نے بلایا، نہ سارہ نے اورنہ ہی اقرا نے۔ مجھے نہیں معلوم مجھے شادی میں کوئی کیوں نہیں بلاتا شاید میں ان کی دوست نہیں ہوں۔‘
حرا مانی کے شکوے کے بعد میرا سیٹھی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی شادی میں تمام مہمانوں کو واٹس ایپ کے ذریعے دعوت نامہ بھیجا تھا۔ لہذا جن لوگوں کے نمبرز میرے پاس تھے میں نے اُن سب کو شادی میں بلالیا۔
میرا سیٹھی نے حرا مانی سے معافی مانگتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے معاف کردو میں تمہیں اپنی شادی میں بلانا بھول گئی لیکن اب میں یہ بھی نہیں کہہ سکتی کہ میں اگلی بار تمہیں دعوت دوں گی۔
حرا مانی نے میرا سیٹھی کی بات کے جواب میں کہا مجھے کسی نے نہیں بلایا لیکن میں اپنے بیٹے مزمل کی شادی میں سب کو بلاؤں گی۔
واضح رہے کہ نامور اداکار سلمان المعروف مانی اور اداکارہ حرامانی کے دوبیٹے مزمل اورابراہیم ہیں۔ بڑے بیٹے کی عمر 11 سال جبکہ چھوٹے بیٹے کی عمر 6 سال ہے۔









