جیو ٹی وی کے معروف ڈرامے ’الف‘میں عبدالعلیٰ کا کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار منظر صبہائی نے اپنی اہلیہ و اداکارہ ثمینہ احمد کے ماضی کی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
رواں سال لاک ڈاؤن کے دوران سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے اداکار منظر صہبائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ ثمینہ احمد کی ایک دلکش تصویر شیئر کی ہے۔
مذکورہ تصویر ثمینہ احمد کے جوانی کے دنوں کی ہے جس میں وہ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔
تصویر میں سینئر اداکارہ کے بال بھی کافی لمبے اور چمکدار ہیں جس سے اُن کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگ رہے ہیں۔
منظر صہبائی نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’ثمینہ‘ لکھا اور اُس کے ساتھ ہی دل والے ایموجی کا اضافہ بھی کیا۔
مداحوں کی جانب سے ثمینہ احمد کی اس تصویر کو بےحد پسند کیا جا رہا ہے جبکہ پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال لاک ڈاؤن میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے ساتھی اداکار منظر صہبائی سے شادی کی تھی۔ 70 سال سے زائد عمر رکھنے والے منظر صہبائی کی ثمینہ احمد سے شادی 4 اپریل 2020 کو انجام پائی تھی۔
سینئر اداکار منظر صہبائی نے جیو ٹی وی کے معروف ڈرامے ’الف‘ میں عبدالعلیٰ کا کردار ادا کیا تھا اور اِس کے علاوہ بھی وہ بہت سے ڈراموں اور فلموں میں سینئر اداکار کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں جبکہ سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے بھی پاکستان کے مشہور ڈراموں میں کام کیا ہے۔









