ن لیگ کا وزیراعظم عمران خان کو بڑا نہیں صرف جلسہ کرکے دکھانے کا چیلنج

117

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے استعفے سے متعلق 31 جنوری کی دیڈلائن میں تبدیلی سے انکار کردیا ہے۔

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مان لیا کہ اپوزیشن بڑے جلسے کررہی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج دیا کہ وہ اپنی مرضی کی تاریخ پر، دن اور مقام پر بڑا نہیں صرف جلسہ ہی کرکے دکھائیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ این آر او کا رونا رونے سے استعفیٰ سے متعلق اپوزیشن اتحاد کی31 جنوری کی ڈیڈلائن تبدیل نہیں ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ این آر او کی بات کرتے ہوئے آپ کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں لگتا، کونسا این آر او اور کونسا ڈائیلاگ؟ اب صرف آپ کا استعفیٰ اور گھر واپسی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ نہیں آپ اپنی جعلی حکومت کے لئےاین آر او مانگ رہے ہیں، عمران صاحب، بڑے جلسوں اور ڈائیلاگ کی بات بھی آپ نے تسلیم کرلی۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب نے تسلیم کرلیا کہ اپوزیشن بڑے جلسےکررہی ہے، چیلنج ہےآپ اپنی مرضی کی تاریخ، دن اور مقام پر بڑا نہیں صرف جلسہ کرکے دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب، جلسے سے آپ نہ گھبراتے تو سو سے زائد بیانات نہ دیتے، لاہور جلسے والے دن آپ چھُپ چھُپ کے جلسہ دیکھ رہےتھے، عوام جانتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب، مافیا آپ کی قیادت میں قوم پر مسلط ہیں، عمران صاحب این آر او کا چورن بیچنے کے بجائے 23 خفیہ اکاؤنٹس کاجواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایل این جی میں 122 ارب اور 20 ارب ماہانہ کی ڈکیتی کا جواب دیں۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ این آر او دینا آپ کا کام نہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنا آپ کا کام ہے، این آر او کا رونا رونے سے مہنگائی 14 فیصد سے کم نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں