بالی ووڈ اداکار ارباز خان سہیل خان کو عالمگیر وبا کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنا مہنگا پڑگیا، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی پر ارباز خان، سہیل خان اوران کے بیٹے نروان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
ارباز خان، سہیل خان اور ان کے بیٹے نروان حال ہی میں دبئی سے واپس آئے اور ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
معاملے کی شکایت بی ایم سی میڈیکل آفیسر کی جانب سے کی گئی ، ممبئی پولیس کے مطابق کھر پولیس اسٹیشن میں درج کروائی جانے والی اس ایف آئی آر کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
بی ایم سی میڈیکل آفیسر نے مبینہ طور پر ایپیڈیمک امراض ایکٹ کے سیکشن 188 آئی پی سی کی دفعہ 3 کے تحت شکایت درج کروائی۔
دونوں اداکار اور نروان 25 دسمبر 2020 کو دبئی سے واپس بھارت پہنچے جہاں ائیرپورٹ پران سے خود کو 7 روز کیلئے کسی ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کیلئے کہا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واضح ہدایات کے باوجود تینوں پروٹوکول پرعمل کیے بغیر فورا ہی گھر چلے گئے۔
درج کروائی جانے والی ایف آئی آر میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے سہیل خان اور اربازخان نے باندرا کے ہوٹل تاج لینڈ میں قرنطینہ کرنے کاجھوٹ بولا اور ہوٹل کے بجائے گھر چلے گئے۔
تاحال سہیل خان یا ارباز خان کی جانب سے معاملے پرکسی قسم کا ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔









